کھجوراہو 30ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مدھیہ پردیش کے انتخابات میں اس بار گؤرکشا کا موضوع ایک سیاسی مسئلہ بن چکاہے۔ایک طرف جہاں اقتدار میں آنے سے پہلے ریاست کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد وہ صوبہ بھر میں گؤشالاؤں کی تعمیرکرائے گی، وہیں دوسری طرف حکمراں بی جے پی نے اب گؤرکشاکے لیے باقاعدہ’’ گؤمنترالیہ ‘‘ بنانے کی بات کہی ہے۔اتوار کو مدھیہ پردیش کے دوالگ الگ پروگراموں میں سی ایم شیوراج نے اس کا اعلان بھی کیاہے۔کھجوراہو کے ایک پروگرام میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے شیوراج نے کہاہے کہ ریاست میں گؤرکشابورڈکی تشکیل ہوئی ہے اورمیرے ذہن میں یہ بھی آیا ہے کہ ہم کیوں نہ اس کو پوری وزارت ہی بنادیں۔ وہیں ساگر ضلع میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیوراج نے کہا کہ ریاست میں اب گؤمنترالیہ بنایاجائے گا جس سے کہ گؤماتا کا تحفظ کیا جا سکے۔اس کے علاوہ سی ایم نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی ریاست میں بہت گؤشالاؤں کی تعمیر بھی کرائے گی۔